۲ آذر ۱۴۰۳ |۲۰ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 22, 2024
رحمۃ اللعالمین فاؤنڈیشن

حوزه/ کل مورخہ 17 ستمبر 2023ء کو رحمۃ اللعالمین فاؤنڈیشن کشمیر کے زیر اہتمام شالنہ ضلع بڈگام میں سیدہ حضرت زینب سلام اللہ علیہ کانفرنس کا اہتمام کیا گیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، کل مورخہ 17 ستمبر 2023ء کو رحمۃ اللعالمین فاؤنڈیشن کشمیر کے زیر اہتمام شالنہ ضلع بڈگام میں سیدہ حضرت زینب سلام اللہ علیہ کانفرنس کا اہتمام کیا گیا، جس میں مہمان خصوصی کے طور سنی و شیعہ عالمہ خواتین اور خصوصی طور پر کاروان ختم نبوت انٹرنیشنل کی خواتین ونگ کی سربراہ محترمہ ریحانہ قادری صاحبہ اور دیگر کارکنان نے شرکت کی۔

تفصیلات کے مطابق، کانفرنس میں مہمان عالمہ محترمہ محمود جی، زمردہ جی، ریحانہ فاروق اور شازیہ سبا فاطمہ سوپور سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی خواتین نے بھی کثیر تعداد میں شرکت کی۔

کانفرنس کا آغاز دو بجے دوپہر کو ہوا، کانفرنس کا آغاز تلاوت قرآن کریم اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے ہوا۔

کانفرنس میں شریک عالمہ خواتین نے اپنے خطاب میں پیکرِ صبر و شجاعت حضرت سیدہ زینب سلام اللہ علیہا کی سیرت ِ طیبہ پر تفصیلی روشنی ڈالی۔

انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ سیدہ کائنات (سلام اللہ علیہا) کی آغوش میں پرورش پانے والی حضرت زینب (سلام اللہ علیہا) نے وہ مثالی کردار ادا کیا، جو رہتی دنیا تک تمام خواتین کے لئے سرچشمہ ہدایت ہے۔

خطباء نے مزید کہا کہ میدان کربلا میں ظلم و بربریت کی جو داستان خانوادہ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ساتھ رقم کی گئی، وہ انسانیت کے لئے شرمندگی کا باعث ہے، جن کا مداوا نہیں ہو سکتا۔ وہ عصمت و طہارت کی پیکر شخصیات کہ جن کے لئے آیت تطہیر نازل کی گئی، ان پر جس طرح کے ظلم و ستم کے پہاڑ ڈھائے گئے، وہ یزید کے بارے میں نرم دل رکھنے والوں کے لئے ایک ایسا سوال ہے جس سے وہ اپنے ایمان کا اندازہ لگا سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خواتین کو اپنے اندر ایسے اوصاف پیدا کرنے ہوں گے جس پر وہ خود بھی فخر کر سکیں اور ان کے خاندان کا نام بھی روشن ہو سکے، یہ سب اسی وقت ممکن ہوگا جب ہم اپنے اسلاف کے نقش قدم پرگامزن اور تعلیمات پر عمل پیرا ہوں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ معاشرے میں پھیلی بے حیائی، بدکرداری و دیگر خرابیوں کے خاتمے میں خواتین اپنا کردار اپنی اولاد کی اسلامی خطوط پر تربیت کر کے ادا کر سکتی ہیں۔

کانفرنس کا اختتام پر حجت الاسلام والمسلمین جناب مولانا غلام محمد گلزار نے اپنے مختصر خطاب کے دوران، رحمت للعالمین فاؤنڈیشن کے صدر جناب شیخ فردوس علی کا تہہ دل سے شکریہ کیا کہ وہ قوم کی اصلاح میں ہر وقت اور ہر جگہ آگے آگے ہوتے ہیں اور آج ادارۂ الزھراء سلام اللہ علیہا ٹرسٹ شالنہ میں بھی اس اصلاحی پروگرام کا اہتمام کیا۔

پروگرام کا اختتام مولانا غلام محمد گلزار نے دعائے خیر سے کیا، جس میں ملک و ملت کی سربلندی و استحکام و مشن کی کامیابی کے لئے خصوصی دعا کی اور شرکاء میں نیاز بھی تقسیم کی گئی۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .